کرن کھیر بلڈ کینسر کا شکار ہوگئیں

234

بولی وڈ اداکار انوپم کھیر کی اہلیہ، اداکارہ اور بھارتی لوک سبھا کی رکن کرن کھیر بلڈ کینسر کے مرض میں مبتلا ہوگئی ہیں۔

انوپم کھیر اور ان کے بیٹے سکندر کھیر نے آج (یکم اپریل کی) صبح کرن کھیر کی بیماری کی تصدیق کی۔

سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر شیئر کی گئی پوسٹ میں انوپم کھیر نے کہا کہ ‘افواہوں سے صورتحال بہتر نہیں ہوتی لہذا میں اور سکندر سب کو آگاہ کرنا چاہتے ہیں کہ کرن میں ملٹیپل مائیلوما بلڈ کینسر کی ایک قسم کی تشخیص ہوئی ہے’۔

انوپم کھیر نے بتایا کہ ‘کرن کھیر کا علاج جاری ہے اور ہمیں یقین ہے کہ وہ پہلے سے زیادہ طاقتور ہوں گی’۔

انوپم کھیر نے مداحوں سے اہلیہ کی صحت کے لیے دعاؤں کی اپیل بھی کی اور کہا کہ ان سے بہت لوگ محبت کرتے ہیں تو ان کے لیے دعا کریں۔

انہوں نے کہا کہ مداحوں کی جانب سے تشویش اور نیک تمناؤں پر ان کا شکریہ بھی ادا کیا۔