کیا واٹس ایپ صارفین کی معلومات چوری کرنے کی کوشش کی جارہی ہے؟

مقبول ترین میسجنگ ایپلی کیشن واٹس ایپ کے اکاؤنٹ چوری یا ہیک کرنے کے لیے ہیکرز کی جانب سے اب ایک اور نیا حربہ آزمایا جارہا ہے جس سے متعلق واٹس ایپ نے صارفین کو خبردار بھی کردیا ہے۔
واٹس ایپ سے متعلق معلومات فراہم کرنے والے پلیٹ فارم ویب بیٹا انفو نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کی گئی مختلف ٹوئٹس میں صارفین کو اس حوالے سے خبردار کیا ہے۔
ویب بیٹا انفو نے واٹس ایپ صارفین کو اسپیم میسیجز سے خبردار کیا ہے جو دراصل ان کے اکاؤنٹس چوری کرنے کی ایک کوشش ہے۔
ٹوئٹ میں کہا گیا ہے کہ ‘واٹس ایپ آپ کے اکاؤنٹ رینیول سے متعلق کوئی پیغامات نہیں بھیج رہا، ایسے ان آفیشل اکاؤنٹس جو واٹس ایپ پر آپ سے 6 ہندسوں پر مشتمل کوڈ کا مطالبہ کریں، انہیں بلاک اور رپورٹ کریں’۔
ٹوئٹ میں کہا گیا کہ یہ میسیج آپ کا واٹس ایپ کا اکاؤنٹ چوری کرنے کی ایک اور کوشش ہے کہ ‘واٹس ایپ پر موصول ہونے والے کوڈ کو بھیج کر ثابت کریں کہ آپ انسان ہیں ورنہ آپ کا اکاؤنٹ کل ڈِس ایبل ہوجائے گا’۔