شاہ رخ خان نے ٹوئٹر پر اپنا بائیو ڈیٹا نہ ہونے کی وجہ بتادی

275

ممبئی: بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان نے سوشل نیٹ ورکنگ سائٹ ٹوئٹر پر ابھی تک اپنا بائیو ڈیٹا نہ ڈالنے کی دلچسپ وجہ بتائی ہے۔

ٹوئٹر موجودہ دور کا مقبول ترین سوشل میڈیا پلیٹ فارم ہے۔ بڑے بڑے سیاستدانوں سے لے کر دنیا بھر کی معروف شخصیات کے ٹوئٹر پر اکاؤنٹس موجود ہیں۔ بالی ووڈ کے بادشاہ شاہ رخ خان بھی ٹوئٹر پر موجود ہیں ان کے ٹوئٹر پر 40 ملین (4 کروڑ) سے زائد فالوورز ہیں ۔کنگ خان ٹوئٹر کے ذریعے نہ صرف اپنے آنے والے پراجیکٹس سے لوگوں کو آگاہ رکھتے ہیں بلکہ اکثر اپنے مداحوں سے باتیں بھی کرتے ہیں۔ لیکن دلچسپ بات یہ ہے کہ شاہ رخ خان کا ٹوئٹر پر بائیو ڈیٹا (سوانحی خاکہ) ہی موجود نہیں ہے۔

شاہ رخ خان نے ٹوئٹر پر ’’آسک ایس آر کے‘‘ سیشن کے دوران اپنے مداحوں کے سوالوں کے دلچسپ جواب دئیے۔ اسی سیشن کے دوران ایک مداح نے ان سے سوال پوچھا کہ ٹوئٹر پر آپ کا بائیو کیوں موجود نہیں ہے؟ اس سوال کا جواب دیتے ہوئے کنگ خان نے کہا ’’میرا بائیو ابھی بھی مرتب ہورہا ہے۔ پھر انہوں نے وجہ بتاتے ہوئے کہا میرے دوست میرے ساتھ زندگی میں بہت کچھ ہوا ہے اور اسے بائیو تک محدود رکھنا مشکل ہے۔‘‘