میانمار: آمریت کے خلاف مظاہرین پر فورسز کی فائرنگ، مزید 50 افراد ہلاک

379

میانمار میں آمریت کے خلاف جاری مظاہروں کے شرکا پر فوج کی فائرنگ سے مزید 50 افراد ہلاک ہوگئے۔

غیرملکی خبررساں ادارے ‘رائٹرز’ کے مطابق یکم فروری کو ہونے والی فوجی بغاوت کے خلاف مظاہرین ینگون، منڈالے اور دیگر قصبوں کی سڑکوں پر نکل آئے۔

میانمار کے جرنیلوں کی جانب سے مسلح افواج کا دن منایا اور ساتھ ہی مظاہرین کے لیے انتباہ جاری کیا کہ انہیں باہر نکلنے پر ‘سر اور پیٹھ میں گولی’ لگ سکتی ہے۔

معزول قانون سازوں کی قائم کردہ فوج مخالف گروپ سی آر پی ایچ کے ترجمان ڈاکٹر ساسا نے ایک آن لائن فورم کو بتایا کہ ‘آج کا دن مسلح افواج کے لیے شرم کا دن ہے’۔

انہوں نے کہا کہ فوجی جرنیلوں نے 300 سے زائد بے گناہ شہریوں (مظاہرین) کی ہلاکت کے بعد مسلح افواج کا دن منایا۔

میانمار کے مقامی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق ہفتہ کی صبح سویرے یانگون ڈالا کے نواحی علاقے میں پولیس اسٹیشن کے باہر احتجاج کرنے والے ہجوم پر سیکیورٹی فورسز کی فائرنگ سے کم از کم 50افراد ہلاک ہوگئے۔