بھارت: کووڈ سنٹر میں آگ لگ گئی، آتشزدگی سے 10 افراد زندگی کی بازی ہار گئے

247

بھارت سے ایک افسوسناک خبر آئی ہے جہاں پر کووڈسنٹر میں آگ لگ گئی جس کے باعث آتشزدگی نے 10 افراد کی جان لے لی۔

عرب میڈیا ’عرب نیوز‘ کی رپورٹ کے مطابق ممبئی میں مال کی بالائی منزل پر ہسپتال کی جانب سے کورونا مریضوں کے علاج کے لیے وارڈ بنایا گیا تھا جہاں گزشتہ رات اچانک آگ بھڑک اٹھی جس کے نتیجے میں 10 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔

واقعہ کی اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں جبکہ عمارت میں پھنسے مریضوں اور دیگر افراد کو محفوظ مقام پر منتقل کرنے کے لیے امدادی کام شروع کردیا گیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق مال کے نچلے حصے میں قائم دکان میں آگ بھڑک اٹھی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے شدت اختیار کرلی، کووڈ سینٹر میں موجود 76 مریضوں میں سے 73 کو بحفاظت دوسرے ہسپتال منتقل کیا گیا جب کہ آگ بجھانے کے لیے اب بھی امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔

بھارتی میڈیا نیوز 18 کی رپورٹ کے مطابق ممبئی کے میئر نے کہا ہے کہ اس واقعہ پر افسوس ہے ذمہ داروں کیخلاف کارروائی کی جائے۔