منی ایپلیس کے ایک جج نے 46 سالہ افریقی نژاد امریکی شہری جارج فلائیڈ کے قتل کے الزام میں پہلی سماعت میں پولیس آفیسر ڈیرک چوون کی 10 لاکھ ڈالر کی ضمانت مقرر کردی۔
رپورٹ کے مطابق جیل کے لباس میں ملبوس 44 سالہ ڈیرک چوون قتل کے الزام میں عدالت میں پیش ہوئے اور وکلا کے سوالات کے جوابات دیے۔
ہینے پن کاؤنٹی ڈسٹرکٹ کورٹ کے جج جینیس ریڈنگ نے ان کی مشروط ضمانت کے لیے 10 لاکھ ڈالر اور غیر مشروط ضمانت کے لیے 12 لاکھ 50 ہزار ڈالر کی رقم مقرر کی۔
شرائط کو پورا کرنے کے لیے ملزم کو اپنے ہتھیار واپس کرنے، قانون نافذ کرنے والے اداروں یا کسی بھی سیکیورٹی ادارے میں کسی بھی عہدے پر کام نہ کرنے، ریاست نہ چھوڑنے پر متفق ہونے اور فلائیڈ کے اہل خانہ سے کوئی رابطہ نہیں رکھنے کی ضرورت ہوگی۔
اس معاملے میں اگلی سماعت کے لیے جج نے 29 جون کی تاریخ مقرر کردی۔
واضح رہے کہ منی ایپلس کے جارج فلائیڈ کے ساتھ گرفتار ہونے والے دیگر 3 افسران پر اس قتل کی مدد کا الزام عائد کیا گیا ہے اور اب تک انہیں ایک مقامی جیل میں ہی رکھا گیا ہے۔