جرمنی: مسلمانوں پر حملوں کی ‘منصوبہ بندی’ کرنے والا ملزم گرفتار

جرمنی کی پولیس نے نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ کی مساجد میں مسلمانوں پر ہونے والے حملوں سے متاثر دائیں بازو کے سخت گیر نظریاتی 21 سالہ ملزم کو مبینہ طور پر حملے کی منصوبہ بندی کرنے کے خدشے پر گرفتار کرلیا۔
سرکاری پراسیکیوٹر کا کہنا تھا کہ شمالی شہر ہلدیشیئم سے تعلق رکھنے والے 21 سالہ ملزم نے انٹرنیٹ میں ایک بیان میں حملے سے متعلق اپنے منصوبے سے آگاہ کیا تھا۔
پراسیکیوٹر کا کہنا تھا کہ ابتدائی تفتیش سے ظاہر ہوتا ہے کہ ملزم دنیا بھر میں میڈیا کی توجہ حاصل کرنے کے لیے مخصوص وقت میں بڑی تعداد میں لوگوں کو ہلاک کرنے کا منصوبہ بنا رہا تھا۔
ملزم نے کہا تھا کہ وہ اسی سے ملتا جلتا حملہ کرنا چاہتا ہے۔
پراسیکیوٹر نے کہا کہ ‘ملزم کا مقصد مسلمانوں کو قتل کرنا تھا’۔
جرمن پولیس نے ملزم کے خلاف کارروائی کے دوران ان کے قبضے سے الیکٹرانک فائلز بھی برآمد کرلیں جس میں دائیں بازو کے سخت گیر نظریات کا مواد موجود ہے۔