یورپی یونین نے میانمار میں گزشتہ ماہ حکومت پر فوجی قبضے میں ملوث جنرلز سمیت 11 افراد پر پابندیاں عائد کردیں۔
خبر ایجنسی ‘رائٹرز’ کی رپورٹ کے مطابق جرمنی کے وزیر خارجہ نے میانمار میں فورسز کے جمہوریت پسندوں پر تشدد کو ناقابل برداشت قرار دیا۔
یورپی یونین کے 27 رکنی اتحاد کی جانب سے میانمار میں یکم فروری کو آنگ سانگ سوچی کی حکومت کے خاتمے کے بعد شدید ردعمل سامنے آیا ہے اور انفرادی طور پر میانمار کی فوج کے کمانڈر انچیف جنرل من آنگ ہلینگ کو نشانہ بنایا گیا ہے۔
انسانی حقوق کی تنظیم اسسٹنس ایسوسی ایشن فار پولیٹیکل پرزنرز (اے اے پی پی) کے اعداد و شمار کے مطابق میانمار میں مظاہرین کے خلاف کارروائیوں کے دوران اب تک تقریباً 250 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق مظاہروں کے دوران آج میانمار کے دوسرے بڑے شہر منڈالے میں 15 سالہ لڑکے سمیت تین افراد ہلاک ہوئے۔