خطے میں امن کیلیے پاک بھارت کشیدگی کم کرنے کیلیے کوشاں ہیں، سعودی عرب

209

ریاض: سعودی عرب کے نائب وزیر خارجہ عادل الجبیر نے اعتراف کیا ہے کہ سعودی عرب پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی کو کم کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔

عرب نیوز کو دیے ایک انٹرویو میں عادل الجبیر نے کہا کہ سعودی عرب پورے خطے میں امن چاہتا ہے اور اس کے لیے متعدد سطح پر کوشش کرتا ہے،انہوں نے کہا ہم علاقے میں امن اور استحکام کے لیے مستقل کوششیں کرتے رہتے ہیں، چاہے وہ اسرائیل اور فلسطینیوں کے مابین امن ہو یا لبنان، شام، عراق، ایران، افغانستان کا معاملہ ہو، یہاں تک کہ ہم پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی کو کم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، چاہے سوڈان میں استحکام پیدا کرنا ہو یا لیبیا میں جنگ کا خاتمہ ہو، ہم نے ہر جگہ مثبت کردار ادا کیا ہے۔

عادل الجبیر نے اصرار کیا کہ کچھ عرب ممالک اور اسرائیل کے درمیان تعلقات ’معمول‘ پر آنے کے باوجود سعودی عرب ایسا نہیں کر رہا۔انھوں نے کہا کہ ہم عرب امن اقدامات اور اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں پر مبنی دو ریاستی حل چاہتے ہیں، جہاں ایک فلسطینی ریاست موجود ہے اور وہ امن و سلامتی کے ساتھ مل کر رہ سکتی ہے۔ یہی ہمارا مؤقف ہے۔