پی ایس ایل 6؛ ٹرافی کون تھامے گا؟ نقاب کشائی 20 جون کو متوقع

226

کراچی: پی ایس ایل 6 کی ٹرافی کون تھامے گا؟ نقاب کشائی20 جون کومتوقع ہے جب کہ پی سی بی نے فائنل کیلیے ابتدائی طور پر یہی تاریخ تجویز کردی۔

کراچی میں منعقدہ پی ایس ایل 6کو14میچز کے بعد ملتوی کر دیا گیا تھا،اس کی وجہ کئی کھلاڑیوں کاکورونا میں مبتلا ہونا بنا، پی سی  بی نے گذشتہ دنوں فرنچائز مالکان سے ملاقات کے بعد جون میں بقیہ20میچز کے انعقاد کا فیصلہ کیا تھا، اب اس حوالے سے مزید غوروخوص جاری ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ بورڈ کی جانب سے 2 مجوزہ شیڈول ٹیم مالکان کو ارسال کیے گئے ہیں، وہ ان پر اپنی رائے دیں گے جس کے بعد حتمی فیصلہ ہوگا، ایک شیڈول میں دن میں 2 میچز کا تجویز کیا گیا ہے، دوسرے کے مطابق 5 دن ایک جبکہ ہفتے اور اتوار کو 2مقابلے ہوں گے۔

گرم موسم کی وجہ سے ڈبل ہیڈر میچز شام 4 بجے شروع کرنے کا ارادہ ہے، اس صورت میں دوسرے میچ کا آغاز رات 9بجے ہوگا، اختتام ساڑھے 12 بجے ہونے پر ٹیموں کو ہوٹل پہنچتے پہنچتے رات کے ایک سے ڈیڑھ تک بج سکتے ہیں، اس پر بعض اعتراض سامنے آئے ہیں، زیادہ سے زیادہ ٹی وی ریٹنگ کے لیے میچز پرائم ٹائم پر کرانے کا بھی کہا جا رہا ہے،فائنل کے لیے اتوار 20 جون کی تاریخ سامنے آ گئی، البتہ اس میں ردوبدل بھی ممکن ہے۔