برطانوی شہزادہ ولیم نے اپنے چھوٹے بھائی شہزادہ ہیری اور بھابھی میگھن مارکل کی جانب سے گزشتہ ہفتے دیے گئے انٹرویو پر رد عمل دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ شاہی خاندان ’نسل پرست نہیں ہے‘۔
شہزادہ ہیری اور میگھن مارکل نے ٹی وی اسٹار اوپرا ونفرے کو طویل انٹرویو دیا تھا، جسے 7 مارچ کو امریکا اور 8 مارچ کو برطانیہ میں نشر کیا گیا تھا۔
مذکورہ انٹرویو کو 10 مارچ تک دنیا بھر میں 6 کروڑ سے زائد بار دیکھا گیا تھا اور اس انٹرویو نے دنیا بھر میں برطانوی شاہی خاندان اور شاہی محل پر ایک نئی بحث چھیڑ دی تھی۔
طویل انٹرویو میں شہزادہ ہیری اور میگھن مارکل نے شاہی محل میں خود کو پیش آنے والے متعدد مسائل کو بیان کیا تھا اور ساتھ ہی انہوں نے انکشاف کیا تھا کہ شاہی محل میں ’نسلی امتیاز‘ موجود ہے۔