لاہور: رمیز راجہ نے یوٹیوب پر سابق کرکٹرز کو تحمل سے کام لینے کا مشورہ دے دیا۔
شعیب اختر نے پی سی بی کے قانونی مشیر تفضل رضوی پر کھلاڑیوں کا کیریئر تباہ کرنے سمیت سنگین الزامات عائد کیے تھے جس پر انھیں قانونی نوٹس بھجوایا گیا، ایف آئی اے کے سائبر کرائم ونگ میں بھی شکایت درج کرائی گئی، اسپیڈ اسٹار کرکٹ پر بات کرتے ہوئے اکثر مختلف لوگوں کے خلاف انتہائی سخت الفاظ استعمال کر جاتے ہیں۔
رمیز راجہ نے اپنے یو ٹیوب چینل پر شعیب اختر کا نام لیے بغیر کہاکہ ایک دوسرے پر کیچڑ اچھال کر پاکستان کی ساکھ تباہ نہ کریں،مائیک میں بڑی طاقت ہے، میڈیا پر الفاظ سوچ سمجھ کر استعمال کریں، کسی کی پگڑی اچھالنے میں صرف 2 سیکنڈز لگتے ہیں، اس لیے محتاط رہتے ہوئے ہمیں ایک دوسرے کی عزت اور ایسی بات کرنا چاہیے جو قابل قبول ہو۔