معروف گلوکار عاطف اسلم کا کہنا ہے کہ انہیں گلوکاری میں کوئی دلچسپی نہیں تھی بلکہ وہ کرکٹر بننا چاہتے تھے۔
ایک انٹرویو میں گلوکار عاطف اسلم کا کہنا تھا کہ میں اتھیلیٹ تھا اور کرکٹر بننا چاہتا تھا تاہم والدین چاہتے تھے کہ میں اپنی پڑھائی مکمل کروں، والدین کو لگا کہ شاید کرکٹ کھیلنا صرف میرا مشغلہ ہے لیکن وہ نہیں جانتے تھے کہ میں کتنا اچھا کھلاڑی تھا۔
گلوکار نے کہا کہ کرکٹ کی وجہ سے میری پڑھائی متاثر ہورہی تھی، میں ایک اچھا بولر تھا اور میری توجہ زیادہ سے زیادہ وکٹس حاصل کرنے پر تھی تاہم والدین کی وجہ سے کرکٹ چھوڑدی۔ انہوں نے کہا کہ کرکٹ چھوڑنے کے بعد ایک دم خاموش اور اکیلا ہوگیا تھا لیکن ایک دن میں نے نصرت فتح علی خان کو سنا اور پھر میں نے پیچھے نہیں دیکھا۔