برطانوی شہزادہ ہیری اور ان کی اہلیہ میگھن مارکل کی جانب سے امریکی ٹی وی میزبان اوپرا ونفرے کو دیے گئے انٹرویو نے جہاں شاہی محل میں بھونچال مچا دیا ہے، وہیں دنیا بھر میں اس انٹرویو کی گونج سنائی دینے لگی ہے۔
شہزادہ ہیری اور میگھن مارکل کی جانب سے 7 اور 8 مارچ کو امریکا اور برطانیہ میں سی بی ایس ٹی وی اور آئی ٹی وی پر نشر کیے گئے انٹرویو سے دنیا بھر میں شاہی خاندان کے حوالے سے نئی بحث چھڑ گئی۔
دو گھنٹے سے زیادہ دورانیے کے انٹرویو میں میگھن مارکل اور ان کے شوہر شہزادہ ہیری نے پہلی بار کھل کر برطانوی شاہی محل کے اندر ہونے والے معاملات کو دنیا کے سامنے رکھا تھا اور کئی سنگین انکشافات بھی کیے تھے۔
طویل انٹرویو کے دوران میگھن مارکل نے انکشاف کیا تھا کہ جب وہ پہلے بچے کی امید سے تھیں تب شاہی خاندان کے کسی فرد نے شہزادہ ہیری سے پوچھا تھا کہ ان کے ہاں پیدا ہونے والے بچے کا رنگ کتنا سیاہ ہوگا؟
میگھن مارکل کا کہنا تھا کہ چوں کہ وہ شاہی خاندان کی پہلی غیر سفید فام فرد بنی تھیں، اس لیے ان کی رنگت اور ان کے ہاں پیدا ہونے والے بچے کی پیدائش سے قبل ہی اس کی رنگت سے متعلق باتیں کی جاتی تھیں۔
اسی انٹرویو میں شہزادہ ہیری نے واضح کیا تھا کہ ان کے بیٹے کی پیدائش سے قبل ہی ان کے بیٹے کی رنگت سے متعلق باتیں کرنے والے افراد ملکہ برطانیہ یا ان کے شوہر نہیں تھے۔