یورپین یونین نے کہا ہے کہ روس کی ڈس انفارمیشن مہم کا اصل ہدف جرمنی ہے کیونکہ الیکسی نیوالنی کو جیل بھیجنے اور زہر دینے کے معاملے پر مغرب سے روس کے تعلقات کشیدہ ہیں۔
خبرایجنسی رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق یورپین یونین کی ایکسٹرنل ایکشن سروس کے تحت چلنے والے ڈس انفارمیشن سے متعلق ادارے کا کہنا تھا کہ رپورٹ میں 700 کیسز شامل ہیں جو قصداً جعلی یا گمراہ کن رپورٹنگ پر مشتمل ہیں اور اس کا مقصد جرمنی کے حوالے سے غلط خبریں پھیلانا تھا۔
رپورٹ کے مطابق یہ دستاویزات 2015 سے اب تک حاصل کی گئی ہیں۔
ادارے کا کہنا تھا کہ فرانس کے حوالے سے 300 کیسز، اٹلی سے متعلق 170 سے زائد اور اسپین کے خلاف 40 کیسز تھے۔
یورپی یونین کی رپورٹ میں کہا گیا کہ 2014 میں ماسکو کے ساتھ یوکرین سے کریمیا کے جڑنے کے بعد ڈس انفارمیشن سے متعلق تحقیقات کے لیے ادارہ تشکیل دیا گیا اور اس کا مقصد روس سے ہونے والی مہم کا جواب دینا ہے۔
یورپین یونین کے ڈس انفو سے متعلق ادارے کا کہنا تھا کہ یورپین یونین کی رکن ریاستوں میں جرمنی کو روس نے الگ کر کے اپنا مرکزی ہدف بنایا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ کریملن کوشش کر رہا ہے کہ جرمنی کو ‘غیرمنطقی طور پر روسوفوبیا’ کا شکار ملک کے طور پر پیش کیا جائے اور روس میں ہونے والی انسانی حقوق اور بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزیوں سے توجہ ہٹایا جائے۔