رضوان باصلاحیت کھلاڑی ہے اور مجھے اس سے کوئی مسئلہ نہیں، سرفراز احمد

277

کراچی: کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ کچھ لوگ بلاوجہ میرے اور رضوان کے درمیان جھگڑے کی فضاء پیدا کرنا چاہتے ہیں۔

نیا ناظم آباد میں شجرکاری کی مہم کے آغاز کے موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے سابق ٹیسٹ کپتان اور پی ایس ایل 6 میں کوئٹہ گلیڈیئٹر کی قیادت کرنے والے سرفراز احمد نے کہا کہ پی ایس ایل  6 میں کوئٹہ گلیڈیئٹر کی ٹیم نے پہلے چار میچز میں لگاتارشکستوں کے بعد بھرپور انداز میں فاتحانہ پیش قدمی کا آغاز کیا تھا۔

سرفراز احمد نے کہا کہ مجھے وکٹ کیپر بیٹسمین محمد رضوان سے کوئی مسئلہ نہیں، کچھ لوگ بلاوجہ میرے اور رضوان کے درمیان جھگڑے کی فضاء پیدا کرنا چاہتے ہیں، رضوان نے تینوں فارمیٹس کے بعد پی ایس ایل میں بھی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا، بلاشبہ رضوان با صلاحیت کھلاڑی ہے۔

ایک سوال کے جواب میں سرفراز احمد نے کہا کہ جب بھی  لیگ دوبارہ شروع ہوگی، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اپنی جیت کا سلسلہ جاری رکھے گی، ویسٹ انڈیز سے تعلق رکھنے والے ممتاز بیٹسمیںن کرس گیل کی کوئٹہ گلیڈی ایٹرز میں شمولیت خوش آئند تھی اور انہوں نے ابتدائی میچز میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرکے اپنی اہلیت بھی تسلیم کرائی۔