دھرمیندر سے دوستی کے سبب والد تشویش میں مبتلا رہتے تھے، ہیما مالنی

229

 ممبئی: بالی ووڈ انڈسٹری پر راج کرنے والی ڈریم گرل ہیما مالنی کا کہنا ہے کہ دھرمیندر سنگھ سے دوستی کی وجہ سے والد تشویش میں مبتلا رہتے تھے۔

ہیما مالنی نے حال ہی میں ’’انڈین آئیڈل 12‘‘ کے شو میں شرکت کی جہاں انہوں نے اپنے اور دھرمیندر سنگھ سے متعلق بتایا کہ کافی فلموں میں ساتھ کام کرنے کی وجہ سے دھرمیندر اور میری کافی بنتی تھی اور ہماری دوستی کے کافی چرچے بھی تھے جس کی وجہ سے والد صاحب ہمیشہ تشویش میں مبتلا رہتے تھے۔

فلم شعلے کی اداکارہ نے بتایا کہ میں اکثر فلم کی شوٹ کے لیے والدہ یا آنٹی کے ساتھ جایا کرتی تھی لیکن ایک روز ایسا ہوا کہ گانے کی شوٹ کے دن والد صاحب میرے ساتھ آگئے کیوں کہ انہیں پتا تھا کہ اس شوٹنگ میں دھرمیندر بھی میرے ساتھ ہوں گے، اس دن والد کی پوری کوشش تھی کہ دھرمیندر کسی بھی طرح فارغ وقت میرے ساتھ نہ گزاریں۔