چین اور بھارت سرحدی تنازع کے پُرامن حل کے متلاشی

294

نئی دہلی: بھارت کی جانب سے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ہندوستانی اور چینی فوجی کمانڈروں نے وزیر اعظم نریندر مودی اور صدر شی جن پنگ کے درمیان حالیہ برسوں میں طے پانے والے دوطرفہ معاہدوں کے تحت مشرقی لداخ میں موجودہ سرحدی مسئلے کو پُرامن طور پر حل کرنے پر اتفاق کیا ہے۔

بھارتی وزارت امور خارجہ نے یاد دلایا کہ حالیہ ہفتوں میں، بھارت اور چین نے سرحد کے اطراف کے علاقوں کی صورتحال سے نمٹنے کے لیے قائم سفارتی اور فوجی چینلز کو اپنایا تھا۔

بیان میں کہا گیا کہ ’لیہہ میں مقیم (بھارتی) کور کمانڈر اور چینی کمانڈر کے درمیان 6 جون کو چشول مولڈو خطے میں ایک اجلاس ہوا‘۔

انہوں نے بتایا کہ یہ اجلاس خوشگوار اور مثبت ماحول میں ہوا تھا، دونوں فریقین نے مختلف دو طرفہ معاہدوں کے مطابق سرحدی علاقوں کے تنازع کو پُرامن طور پر حل کرنے پر اتفاق کیا اور رہنماؤں کے درمیان معاہدے کو مدنظر رکھتے ہوئے دوطرفہ تعلقات کی مجموعی ترقی کے لیے بھارت-چین سرحدی خطوں میں امن کی ضرورت پر اتفاق کیا تھا۔