اعصام الحق کی بھارتی کھلاڑی کے ساتھ جوڑی

272

قومی ٹینس اسٹار اعصام الحق نے سات سال بعد بھارتی کھلاڑی روہن بوپنا کے ساتھ دوبارہ جوڑی بنا لی ہے۔ 

اعصام الحق بھارت اور پاکستان کے درمیان امن کا پیغام عام کرنے کیلئے پیش پیش ہیں، پاکستانی اسٹار اعصام الحق اور بھارتی کھلاڑی روہن بوپنا ایک مرتبہ پھر ٹینس کورٹ میں مل کر حریف کھلاڑیوں کا مقابلہ کریں گے۔ 

سات سال قبل دونوں کھلاڑیوں کی راہیں جدا ہو گئی تھیں لیکن اب لمبے عرصے بعد دونوں اے ٹی پی فائیو ہنڈرد آکاپلکو اوپن میں ایک ساتھ کھیلیں گے۔ 

ہم نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے اعصام الحق نے کہا کہ روہن بوپنا اور میں پارٹنر ڈھونڈ رہے تھے دبئی میں نہیں کھیل سکے لیکن اکاپلکو میں ہٹس لگائیں گے۔ آسٹریلیا میں روہن سے بات ہوئی تھی۔ 

انہوں نے مزید کہا کہ انڈوپاک ٹینس ایکسپریس دونوں ممالک میں تعلقات کی بہتری کیلئے ایک کاوش ہے۔ 

اعصام الحق نے کہا کہ ہمیشہ امن کا پیغام عام کرنے کی کوشش کی ہے، اللہ کرے اس کے ذریعے پاکستان اور بھارت میں بھی دوستی ہوجائے۔ 

دونوں کھلاڑیوں نے فی الحال میکسیکو کے شہر اکاپلکو میں کھیلنے کی رضا مندی ظاہر کی ہے۔

اعصام الحق اور روہن بوپنا کی جوڑی سال 2010 کے یو ایس اوپن کے فائنل میں پہنچی تھی اور اسی سال ومبلڈن کا کوراٹر فائنل بھی کھیلا تھا۔