فاسٹ اینڈ فیورس کی اگلی فلم کی ریلیز جون تک ملتوی

294

یونیورسل پکچرز نے کار ریسنگ ایکشن کرائم تھرلر ہولی وڈ فلم سیریز ’فاسٹ اینڈ فیورس’ کی اگلی فلم ‘ایف 9’ کی ریلیز ایک ماہ تک مؤخر کردی۔

برطانوی خبررساں ادارے ‘رائٹرز’ کی رپورٹ کے مطابق فلم ‘ایف 9’ کو 25 جون کو ریلیز کیا جائے گا۔

فلم کی ریلیز کو ہولی وڈ اسٹوڈیوز کی جانب سے یہ جاننے کی کوشش کے تحت مؤخر کیا گیا ہے کہ کب فلم بین شاید بڑی تعداد میں تھیٹرز میں آئیں گے۔

اس اقدام سے عندیہ ملتا ہے کہ کوم کاسٹ کورپ کا یونٹ پراعتماد ہے کہ گرمیوں میں امریکا اور کینیڈا میں کورونا وائرس کی ویکسینز زیادہ وسیع پیمانے پر دستیاب ہوں گی۔

امریکا میں فلم بینوں کے لحاظ سے دوسرے بڑے شہر نیویارک میں سینما آج (5 مارچ ) سے دوبارہ کھلنے جارہے ہیں۔

اے ایم سی انٹرٹینمنٹ، سائن ورلڈ پی ایل سی اور سائن مارک ہولڈنگز سمیت تھیٹر آپریٹرز پرامید ہیں کہ وہ موسم سرما میں بلاک بسٹر فلمیں چلا سکیں۔

خیال رہے کہ فلم اسٹوڈیوز اپنی مہنگی ترین ایکشن فلمیں اس وقت تک ریلیز نہیں کرنا چاہتے جب تک وہ بڑے ہجوم کی صورت میں پروڈکشن اور مارکیٹنگ کی قیمت وصول نہ کرلیں۔

ہولی وڈ میں ریلیز ہونے والی اگلی بڑے بجٹ کی ایکشن فلم والٹ ڈزنی کی مارول مووی بلیک ویڈو ہے جو 7 مئی کو تھیٹرز میں ریلیز ہونے کو تیار ہے۔

فاسٹ اینڈ فیورس کی فرنچائز نے 2001 میں پہلی فلم ریلیز ہونے کے بعد سے عالمی سطح پر ٹکٹوں کی مد میں 5 ارب ڈالر سے زائد کمائے ہیں۔