گزشتہ برس کینسر کے باعث 43 سال کی عمر میں چل بسنے والے ہولی وڈ سیاہ فام ہیرو چیڈوک بوسمین کو بعد از مرگ پہلا گولڈن گلوب ایوارڈ دے دیا گیا۔
’آسکر‘ کے بعد سب سے زیادہ اہمیت کے حامل ’گولڈن گلوب‘ ایوارڈز کی 78 ویں سالانہ تقریب 28 فروری کو آن لائن منعقد کی گئی اور میزبانوں نے امریکا کے دو مختلف شہروں سے میزبانی کے فرائض سر انجام دیے۔
78 ویں گولڈن گلوب ایوارڈز کی تقریب میں بہترین فلم اداکار کا ایوارڈ آنجھانی اداکار چیڈوک بوسمین کو دیا گیا۔
چیڈوک بوسمین نے ’بلیک پینتھر‘ سمیت کئی کامیاب فلموں میں کام کیا تھا تاہم انہیں ان کی زندگی میں گولڈن گلوب ایوارڈ نہیں دیا جاسکا تھا۔
تاہم ان کی موت کے بعد ان کی ریلیز ہونے والی آخری فلم ‘مارینی، بلیک بوٹم’ میں ان کی شاندار پرفارمنس کی وجہ سے انہیں گولڈن گلوب ایوارڈ دیا گیا جو ان کی بیوہ نے وصول کیا۔