بے نظیر بھٹو کا کردار ادا کرنا اعزاز کی بات ہوگی، مہوش حیات

308

ستارہ امتیاز جیتنے والی مقبول اداکارہ مہوش حیات نے جون 2018 میں انکشاف کیا تھا کہ وہ پاکستان کی سابق اور اسلامی دنیا کی پہلی خاتون وزیر اعظم بے نظیر بھٹو کی زندگی پر بننے والی فلم میں اداکاری کرتی دکھائی دیں گی۔

اداکارہ نے فلم کے حوالے سے زیادہ ؤضاحت کرنے سے گریز کرتے ہوئے بتایا تھا کہ وہ فلم میں پہلی بار سیاستدان خاتون کے روپ میں دکھائی دیں گی اور انہیں ایک بہادر خاتون کا کردار نبھانے پر فخر ہے۔

اور اب انہوں نے مذکورہ فلم کے حوالے سے مزید بات کرتے ہوئے بے نظیر بھٹو کو اپنی آئیڈیل ہیروئن قرار دیا ہے۔

مہوش حیات نے بے نظیر بھٹو کی زندگی کی بنائی جانے والی فلم پر بات کی اور بتایا کہ وہ فلم میں بے نظیر بھٹو کی طرح دکھائی دینے کے لیے بھرپور تیاریاں کر رہی ہیں۔

مہوش حیات کے مطابق جس طرح ہولی وڈ اداکارہ نتالی پورٹمین نے فلم میں جیکی کینیڈی کی طرح دکھائی دینے کے لیے محنت کی اور انہوں نے اسی طریقے سے اسی جگہ پر فلم میں سانسیں بھی لیں جس طرح جیکی کینیڈی حقیقی زندگی میں لیتی تھیں۔

وہ بھی اسی طرح بے نظیر بھٹو کا کردار اچھے طریقے سے نبھانے کے لیے محنت کر رہی ہیں۔

اداکارہ نے بتایا کہ مذکورہ فلم میں بے نظیر بھٹو کی آکسفورڈ یونیورسٹی میں گزاری گئی زندگی سے لے کر سیاست میں انٹری اور پھر ان کے قتل تک کے واقعات کو دکھایا جائے گا اور وہ اس حوالے سے بھرپور محنت کر رہی ہیں۔