عالمی شہرت یافتہ مکس مارشل آرٹس سپر اسٹار کونر میک گریگور نے کھیل سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا ہے۔
دو ڈویژن الٹیمیٹ فائٹنگ چیمپیئن(یو ایف سی) کے ورلڈ چیمپیئن نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک تصویر پوسٹ کی اور ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا۔
انہوں نے کہا کہ میں نے فائٹنگ سے ریٹائر ہونے کا فیصلہ کیا ہے، شاندار یادوں کے لیے آپ سب کا شکریہ، یہ ایک بہترین سفر رہا۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ لاس ویگاس میں جیتے گئے میرے عالمی ٹائٹل کی فتح کے موقع پر والدہ کے ہمراہ لی گئی تصویر ہے اور آپ جو کچھ بھی چاہتے ہیں وہ آپ کا ہے۔
صرف یہی نہیں بلکہ اپریل 2016 میں بھی انہوں نے کھیل سے کنارہ کشی کا اعلان کردیا تھا تاہم بعد میں اپنا فیصلہ واپس لے لیا تھا۔
وہ رواں سال جنوری میں 15ماہ بعد ایکشن میں نظر آئے تھے جہاں انہوں نے لاس ویگاس میں امریکی فائٹر ڈونلڈ سیرون کو محض 40سیکنڈ میں ناک آؤٹ کردیا تھا۔
31سالہ یو ایف سی چیمپیئن اور تنازعات کا چولی دامن کا ساتھ ہے اور وہ گزشتہ سال اس وقت شہ سرخیوں کی زینت بن گئے تھے جب انہوں نے ڈبلن کے بار میں ایک بوڑھے شخص پر حملہ کردیا تھ اور وہ ویڈیو وائرل ہو گئی تھی۔
یو ایف سی کی تاریخ کے سب سے مقبول فائٹرز میں سے ایک گریگور نے کیریئر میں 26فائٹس کیں جس میں سے 22 میں فاتح رہے اور چار میں انہیں شکست سے دوچار ہونا پڑا جبکہ وہ پہلے یو ایف سی فائٹر تھے جنہوں نے بیک وقت دو چیمپیئن بیلٹس اپنے نام کیے۔