افغانستان: ویگن میں آگ لگنے سے ایک ہی خاندان کے 3 بچوں سمیت 10 جاں بحق

228

افغانستان میں ایک ویگن آگ لگنے کے سبب تین بچوں سمیت ایک ہی خاندان کے 10 افراد زندگی کی بازی ہار گئے ہیں۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق افغانستان کے شمالی صوبہ ارزوگان میں ویگن میں آگ لگنے کے سبب ایک ہی خاندان کے 10 افراد جاں بحق ہو گئے ہیں۔ ہلاک ہونے والوں میں تین بچے بھی شامل ہیں۔

صوبہ ارزوگان کی پولیس کے مطابق یہ خاندان ایک شادی سے واپس آ رہا تھا کہ دریائے ہلمند ميں سے گزرتے ہوئے ان کی گاڑی پانی میں پھنس گئی۔

پولیس کا مزید کہنا ہے کہ پانی کے تیز بہاؤ کے سبب یہ لوگ باہر نہ نکل سکے اور انجن میں پانی جانے کی وجہ سے اس میں دھماکا ہوا اور ویگن میں آگ لگ گئی جس کی وجہ سے اس میں سوار تمام افراد مارے گئے۔