گلوکارہ و اداکارہ پیرس ہلٹن نے اپنی 40 ویں سالگرہ پر بوائے فرینڈ 40 سالہ کارٹر ریوم سے منگنی کرلی۔
پیرس ہلٹن ماضی میں بھی دو بار منگنی کر چکی ہیں، تاہم ان کی دونوں منگنیاں ایک سال بعد شادی سے قبل ہی ٹوٹ گئی تھیں۔
19 برس کی عمر میں سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ماڈلنگ ایجنسی سے ماڈلنگ کا آغاز کرنے والی پیرس ہلٹن اپنے رومانوی تعلقات اور بولڈ زندگی کی وجہ سے خبروں میں بھی رہتی آئی ہیں۔
پیرس ہلٹن ماضی میں متعدد بار کہہ چکی ہیں کہ ان کے پاس کسی کے ساتھ رومانوی زندگی گزارنے کا وقت نہیں اور وہ شادی کے بغیر ہی بچوں کی خواہش مند ہیں۔
پیرس ہلٹن کو 17 سال قبل 2003 میں اس وقت شہرت حاصل ہوئی جب ان کی چند فحش ویڈیوز لیک ہوئیں اور بعد ازاں 2007 میں ان کی متعدد ذاتی ویڈیوز، تصاویر اور دستاویز بھی ایک ویب سائٹ پر جاری کردی گئیں۔
پیرس ہلٹن نے دو سال قبل 2018 میں اپنی دوسری منگنی ختم کی تھی اور وہ گزشتہ ایک سال سے امریکا کے ایک بورڈنگ اسکول کو بند کروانے کی مہم میں مصروف ہیں۔
پیرس ہلٹن جس بورڈنگ اسکول کو بند کروانا چاہتی ہیں، اس میں وہ 17 برس کی عمر میں ایک سال تک زیر علاج و زیر تعلیم رہی تھیں۔