پاکستانی ایتھلیٹ کیساتھ ٹی وی شو میں نارواسلوک پر یاسر حسین میزبان پر برہم

239

کراچی: پاکستانی خاتون سائیکلسٹ ثمر خان کے ساتھ ٹی وی شو میں ہونے والے ناروا سلوک کے خلاف یاسر حسین نے آواز اٹھاتے ہوئے کہا ہے کہ کب تک ہم علی سدپارہ کی طرح عزت دینے کے لیے ایتھلیٹس کے مرنے کا انتظار کریں گے۔

پاکستانی سائیکلسٹ ثمر خان تنزانیہ میں واقع افریقا کی 5 ہزار 895 میٹر بلند ترین چوٹی کیلمانجارو سر کرنے والی دنیا پہلی خاتون سائیکلسٹ ہیں۔ انہوں نے یہ چوٹی 2017 میں سر کی تھی۔ ثمر خان ایک بہترین ایتھلیٹ ہونے کے ساتھ ساتھ پاکستان کا فخر بھی ہیں۔ تاہم چند روز قبل ان کے ساتھ ایک ٹی وی شو کے میزبان نے نہایت ناروا سلوک کیا جس کے بارے میں انہوں نے ایک ویڈیو میں بات کی ہے۔

ثمر خان کی ویڈیو سوشل میڈیا پر گردش کررہی ہے جس میں وہ کہتی نظر آرہی ہیں انہیں ایک ٹی و ی چینل کے شو میں بطور مہمان بلایا گیا تھا لیکن افسوس کی بات اس ٹی وی شو کے میزبان کو نہ تو میرا نام معلوم تھا نہ وہ میرے بارے میں کچھ جانتاتھا لیکن وہ چاہتے تھے کہ میں ان کے شو میں آؤں۔

ثمر خان نے مزید کہا جب وہ اس چینل میں گئیں تو ان کے ساتھ بہت برا سلوک کیا گیا ہمیں کسی بھیڑ بکریوں کی طرح ایک کمرے میں رکھا گیا جہاں کوئی بنیادی سہولت تک موجود نہیں تھی لیکن افسوس کی بات تو یہ ہے کہ وہاں سوشل میڈیا انفلوئنسرز  (جن کے سوشل میڈیا پر فالورز زیادہ ہیں) بھی موجود تھے جنہیں ہر طرح کی سہولت سے آراستہ لاؤنج میں بٹھایا گیا۔ اور یہ پہلی بار نہیں ہے کہ ہمارے ساتھ ایسا رویہ اختیار کیا گیا ہو پچھلے چار پانچ سالوں کے سفر میں ہم ایتھلیٹس کے ساتھ ایسا ہی رویہ اختیار کیا گیا۔