گزشتہ برس لداخ میں بھارت کے ساتھ ہونے والی کشیدگی کے بعد چینی حکام کی طرف اعتراف کیا گیا ہے کہ وادی گلوان میں جھڑپ کے دوران ہمارے 4 فوجی مارے گئے تھے۔
یاد رہے کہ لداخ میں وادی گلوان پر گزشتہ سال بھارت اور چین کے فوجیوں کے درمیان جھڑپ ہوئی تھی جس میں کرنل سمیت 20 بھارتی فوجی ہلاک ہوئے تھے تاہم اس وقت چین کی جانب سے اپنی فوجیوں کی ہلاکت سے متعلق کوئی بیان نہیں دیا گیا تھا جب کہ حال ہی میں دونوں ممالک نے متنازع سرحدی علاقے سے افواج پیچھے ہٹانے اور سرحدی کشیدگی کے خاتمے کے لیے 5 نکاتی ایجنڈے پر اتفاق کیا ہے۔
سرکاری میڈیا کی جانب سے کہا گیا کہ چین کی جانب سے بھارتی فوج سے جھڑپ کے دوران اپنی زندگی قربان کرنے والے 4 فوجیوں کے لیے اعلیٰ اعزازات سے نوازا گیا ہے۔ فوجیوں کے نام چین ہونگ جن، چین ژانگرونگ، ژاؤ سیوؤان اور وانگ ژوؤران ہیں۔