شمالی امریکا کے کیریبین ملک بارباڈوس سے تعلق رکھنے والی معروف پاپ گلوکارہ 32 سالہ ریانا کی جانب سے 16 فروری کو سوشل میڈیا پر اپنی نیم عریاں تصویر شیئر کیے جانے کے بعد ان پر ہندو دیوی اور دیوتاؤں کی توہین کا الزام لگایا جا رہا ہے۔
مسیحی خاندان میں پیدا ہونے والی ریانا نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر ایک روز قبل اپنی نیم عریاں تصویر شیئر کی تھی۔
گلوکارہ کو تصویر میں خواتین کے زیر جامہ کے لیے اپنے ہی متعارف کرائے گئے (انڈر گارمنٹس) برانڈ ’سویج ایکس فینٹی‘ کا لباس پہنے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
انہوں نے تصویر میں جامنی رنگ کا زیر جامہ اور اسی رنگ کا ہار اور جھمکے بھی پہنے ہوئے ہیں۔
گلوکارہ کی جانب سے مذکورہ تصویر شیئر کیے جانے کے بعد ان کی ٹوئٹ اور انسٹاگرام پوسٹ پر ہزاروں افراد نے کمنٹس کیے اور ہندو مذہب سے تعلق رکھنے والے افراد نے ان پر اپنے دیوی اور دیوتاؤں کی توہین کا الزام عائد کیا۔
اسی حوالے سے بھارتی اخبار انڈیا ٹوڈے نے بتایا کہ ریانا کی جانب سے تصویر شیئر کیے جانے کے بعد بھارت میں ٹوئٹر پر گلوکارہ کے خلاف مہم شروع کردی گئی۔
رپورٹ کے مطابق ریانا کی تصویر پر زیادہ تر افراد نے کمنٹس کرتے ہوئے ان پر ہندو مذہب کی توہین کرنے کا الزام لگایا اور انہیں یاد دلایا کہ ہندو مذہب ان کے فیشن کے استعمال کے لیے نہیں۔