اقوام متحدہ کا شہزادی لطیفہ کی قید کا معاملہ متحدہ عرب امارات کے ساتھ اٹھانے کا اعلان

249

اقوام متحدہ نے دبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد المکتوم کی بیٹی شہزادی لطیفہ کو والد کی جانب سے جبری طور پر قید کرنے کا معاملہ متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے ساتھ اٹھانے کا اعلان کیا ہے۔

خیال رہے کہ شیخہ لطیفہ نے الزام لگایا ہے کہ ان کے والد نے انہیں دبئی میں اس وقت سے یرغمال بنایا ہوا ہے جب انہوں نے سال 2018 میں فرار ہونے کی کوشش کی تھی۔

ادارے کو حال ہی میں موصول ہونے والی خفیہ طور پر ریکارڈ کی گئی ویڈیوز میں شیخہ لطیفہ نے کہا ہے کہ انہیں خطرہ ہے کہ انہیں مار دیا جائے گا۔

شہزادی لطیفہ کی خفیہ ویڈیو منظر عام پر آنے کے بعد عالمی سطح پر اقوام متحدہ سے مذکورہ معاملے کی تحقیقات کرنے کا مطالبہ کیا جارہا ہے جبکہ برطانیہ کی جانب سے ان ویڈیوز کو ‘انتہائی پریشان کن’ قرار دیا ہے۔

اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق نے اس حوالے سے جاری بیان میں کہا ہے کہ وہ شیخہ لطیفہ کے معاملے پر جلد متحدہ عرب امارات سے پوچھ گچھ کریں گے۔