گزشتہ برس مارچ میں شاہی حیثیت سے دستبردار ہونے والے شہزادے ہیری اور ان کی اہلیہ میگھن مارکل کے ہاں جلد دوسرے بچے کی پیدائش متوقع ہے۔
دونوں کے ہاں 6 مئی 2018 کو پہلے بیٹے آرچی کی پیدائش ہوئی تھی اور اب جلد ان کے ہاں دوسرے بچے کی پیدائش متوقع ہے۔
خبر رساں ادارے ایجنسی پریس فرانس (اے ایف پی) نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ شہزادہ ہیری اور میگھن مارکل کے ترجمان نے محبتوں کے عالمی دن کے موقع پر برطانوی میڈیا کے ساتھ بات چیت کے دوران تصدیق کی کہ شاہی جوڑے کے ہاں دوسرے بچے کی پیدائش متوقع ہے۔
’پیپلز میگزین‘ نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ شاہی جوڑے کے ترجمان نے ان کے ساتھ بات چیت کے دوران تصدیق کی کہ میگھن مارکل امید سے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق جوڑے نے اپنے ہاں دوسرے بچے کی متوقع پیدائش کے حوالے سے معروف فوٹوگرافرMISAN HARRIMAN کی جانب سے کھینچی گئی خصوصی تصویر کے ساتھ تصدیق کی کہ ان کے بیٹے آرچی جلد بڑے بھائی بننے والے ہیں۔
شاہی جوڑے نے اپنے ہاں دوسرے بچے کی متوقع پیدائش کا اعلان ایک ایسے وقت میں کیا جب کہ دو ماہ بعد ان کے بیٹے آرچی کی تیسری سالگرہ منائی جائے گی۔