ون ڈے، ٹی 20 سیریز کیلئے پاکستان کرکٹ ٹیم کے دورہ جنوبی افریقہ کا اعلان

239

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے رواں سال شیڈول 3 ون ڈے اور 4 ٹی 20 میچوں کی سیریز کے سلسلے میں دورہ جنوبی افریقہ کے لیے شیڈول کا اعلان کردیا ہے۔

پاکستان کی ٹیم اپریل میں جنوبی افریقہ کا دورہ کرے گی جس میں 3 ایک روزہ اور 4 ٹی 20 میچوں کی سیریز کھیلی جائے گی اور ون ڈے سیریز آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ سپر لیگ کا حصہ ہیں۔

قومی کرکٹ ٹیم 26 مارچ کو جوہانسبرگ روانہ ہوگی جہاں سیریز کا پہلا میچ 2 اپریل کو پرویٹوریا میں کھیلا جائے گا۔

اس کے بعد 4 فروری کو دوسرا ون ڈے جوہانسبرگ میں ہو گا اور 7 اپریل کو پریٹوریا، ایک مرتبہ پھر آخری ون ڈے میچ کی میزبانی کرے گا۔

ون ڈے انٹرنیشنل سیریز کے بعد دونوں ٹیمیں ٹی 20 فارمیٹ میں مدمقابل آئیں گی، ابتدائی طور پر یہ سیریز تین میچز پر مشتمل تھی تاہم کرکٹ جنوبی افریقہ کی درخواست پر اس سیریز میں ایک ٹی 20 انٹرنیشنل میچ کا اضافہ کردیا گیا۔

پہلے 2 ٹی 20 انٹرنیشنل میچز 10 اور 12 اپریل کو جوہانسبرگ جبکہ اگلے دونوں میچز پریٹوریا میں کھیلے جائیں گے۔