وزیراعظم عمران خان کی خواہش پر پاکستان اور ترکی کے نجی پروڈکشن ہاؤسز کے درمیان ہونے والے معاہدے کے تحت ’ترک لالا‘ کی زندگی اور جنگی کاوشوں پر ڈراما بنایا جائے گا اور اس کا پہلا سیزن 2023 تک ریلیز کیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق نومبر 2020 میں اداکار عدنان صدیقی نے پاکستانی فلم پروڈیوسر ڈاکٹر کاشف انصاری اور ترکی کے تکدن فلم کے چیف ایگزیکٹو افسر (سی ای او) کمال تکدن کی ویڈیو شیئر کی تھی، جس میں بتایا گیا تھا کہ دونوں ممالک کے پروڈیوسرز نے مشترکہ منصوبے پر کام کرنے کا معاہدہ کرلیا۔
بعد ازاں جنوری 2021 میں کمال تکدن پاکستان ٹیلی وژن (پی ٹی وی) پر اردو میں چلنے والے ترک ڈرامے ’ارطغرل غازی‘ کے اداکاروں کے ساتھ پاکستانی دورے پر آئے تو انہوں نے وزیر اعظم عمران خان اور صدر مملکت سے بھی ملاقات کی۔