ترکی کا 2 سال میں چاند پر مشن بھیجنے و خلا میں اسٹیشن بنانے کا اعلان

236

اہم ترین اسلامی ملک ترکی نے اعلان کیا ہے کہ ان کا پہلا چاند مشن 2023 تک چاند پر اترے گا جب کہ آئندہ 10 سال کے دوران نہ صرف خلا میں مشن بھیجے جائیں گے بلکہ خلا میں اسٹیشن کا قیام بھی عمل میں لایا جائے گا۔

ترکی نے چاند پر مشن بھیجنے اور خلائی تحقیقات کے پروگرام کو بڑھانے کا اعلان ایک ایسے وقت میں کیا ہے جب کہ پہلے عرب اور اسلامی ملک متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کا تحقیقاتی مشن مریخ پر 9 فروری کو پہنچا۔

یو اے ای کی جانب سے تاریخ رقم کیے جانے کے بعد 10 فروری کو ترک صدر رجب طیب اردوان نے ایک تقریب سے خطاب کے دوران ترکی میں جمہوریت کے 100 سال مکمل ہونے پر چاند پر قدم رکھنے کا اعلان کیا۔

چاند پر مشن بھیجے جانے اور خلائی اسٹیشن کے قیام سے قبل ہی گزشتہ ماہ ترک صدر رجب طیب اردوان نے امریکی خلائی ٹیکنالوجی کے ادارے اسپیس ایکس کے سربراہ اور دنیا کے امیر ترین شخص ایلون مسک سے رابطہ بھی کیا تھا اور ان سے راکٹ ٹیکنالوجی سمیت اسپیس ٹیکنالوجی پر تبادلہ خیال کیا تھا۔