شعیب اختر کا وعدہ پورا، بھارتی فائٹر کو ناک آؤٹ کرنیوالے احمد ولورین سے ملاقات

235

مکس مارشل آرٹس مقابلے میں بھارتی فائٹر کو ناک آؤٹ کرنے والے پاکستانی فائٹر احمد ولورین نے شعیب اختر سے ملاقات کی۔ لیجنڈری باؤلر نے اعلان کیا تھا کہ وہ فائٹر احمد سے ملاقات کرینگے۔

خیال رہے کہ شعیب اختر نے انڈین کھلاڑی کو شکست دینے والے فائٹر احمد مجتبیٰ کا استقبال کرنے کا اعلان کیا تھا۔ شعیب اختر اپنے پیغام میں احمد مجتبیٰ کی جیت پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ ان کی فتح زبردست تھی، میں ان کا استقبال کرنے کا منتظر ہوں۔

خیال رہے کہ کشمیر ڈے کے موقع پر پاکستانی فائٹر احمد مجتبیٰ ولورین نے انڈین فائٹر راہول راجو کو ایک منٹ میں ناک آؤٹ کر دیا تھا۔ سنگاپور میں ہونے والے ون چیمپئین شپ کی لائٹ ویٹ کیٹیگری کے مقابلے کے پہلے راؤنڈ میں احمد ولورین نے بھارتی حریف کو محض چند سیکنڈز میں کاﺅنٹر پنچ مار کر ناک آؤٹ کیا جبکہ اپنی جیت کو کشمیر کے نام کرنے کا اعلان بھی کیا۔

مقابلے سے قبل وسیم اکرم اور شعیب اختر نے پاکستانی فائٹر کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا تھا۔ شعیب اختر کا کہنا تھا کہ اگر احمد مجتبیٰ نے بھارتی کھلاڑی کو شکست دی تو وطن واپسی پر میں خود ایئر پورٹ پر جاکر ان کا استقبال کروں گا۔