بھارت میں گلیشیئر پھٹنے سے ہولناک سیلاب، سیکڑوں ہلاکتوں کا خدشہ

272

اتراکھنڈ: بھارت میں ہمالیائی گلیشیئر اچانک پھٹ کر دریا میں گر گیا جس سے ہولناک سیلاب کی کیفیت پیدا ہوگئی جو آس پاس کے گھروں کو بہا لے گیا جب کہ چیف سیکرٹری نے سیکڑوں ہلاکتوں کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست اتراکھنڈ کے تپوون میں اچانک گلیشیئر کے پگھل کر گرنے سے بھیانک حادثہ پیش آگیا ہے، دھولی ندی نے بڑے سیلابی ریلے کی شکل اختیار کرلی ہے اور بھپرا ہوا پانی راستے میں آنے والی ہر شے کو اپنے ساتھ بہا کر لے گیا جس میں کئی گھر تباہ ہوگئے اور سیکڑوں ہلاکتوں کا خدشہ ہے۔

ضلع میں ایمرجنسی حالت کا اعلان کردیا گیا ہے اور انتظامیہ لاؤڈ اسپیکر کے ذریعے شہریوں کو فوری طور پر گھر خالی کرنے کی ہدایت کر رہی ہے۔ دریا میں پانی کی سطح خطرناک حد تک بڑھتی جارہی ہے اور چمولی سے ہری دوار تک خطرہ بڑھ گیا ہے، سیلابی ریلے کے ڈیم سے ٹکرانے پر ڈیم کے دروازوں کو کھولنے کی ہدایت کردی گئی ہے۔