عملے میں کورونا وائرس کی تصدیق کے بعد ‘فنٹاسٹک بیسٹس’ کی پروڈکشن روک دی گئی

244

وارنر بردارز کی فلم ‘فنٹاسٹک بیسٹس’ کی پروڈکشن ٹیم کے ایک رکن میں کورونا وائرس کی تصدیق کے بعد فلم پروڈکشن روک دی گئی۔

برطانوی خبررساں ادارے ‘رائٹرز’ کی رپورٹ کے مطابق ستمبر میں اس فلم کی شوٹنگ کا آغاز ہوا تھا۔

دی ہولی وڈ رپورٹر کے مطابق لندن کے باہر لیوز ڈین میں واقع اسٹوڈیوز وبا کے باعث بند ہونے کی وجہ سے مارچ 2020 میں شوٹنگ شروع نہیں ہوسکی تھی۔

وارنر بردارز پکچرز کے ترجمان نے ایک بیان میں کہا کہ ‘فنٹاسٹک بیسٹس 3 کی ٹیم کے ایک رکن کا کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے’۔

بیان میں کہا گیا کہ یہ تشخیص، پروڈکشن کے تمام ملازمین کے لیے ضروری قرار دیے گئے ٹیسٹ کے نتیجے میں ہوئی اور وہ فرد اب آئسولیشن میں ہے۔

مزید کہا گیا کہ احتیاط کے طور پر فنٹاسٹک بیسٹس 3 کی پروڈکشن روک دی گئی ہے اور احتیاطی تدابیر کے مطابق یہ دوبارہ شروع ہوگی۔

تاہم بیان میں کورونا وائرس سے متاثر ہونے والے فرد سے متعلق مزید تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں۔