کسانوں کے مسئلے پر حکومتی زبان بولنے پربالی ووڈ اداکار مشکل میں پھنس گئے

291

 ممبئی: بھارت میں کسانوں کے مسئلے پر حکومت کی ترجمانی کرکے خود بالی ووڈ اداکار مشکلات کا شکار ہوگئے ہیں۔

بھارت میں جاری کسانوں کے احتجاج کے باعث دنیا بھر میں جمہوریت کے عالمی چمپئین بھارت کی جگ ہنسائی ہورہی ہے، پہلے اس حتجاج نے عالمی میڈیا میں اپنی جگہ بنائی اور اب غیر ملکی اداکار بھی کسانوں کے احتجاج پر تشویش کا اظہار کررہے ہیں۔

بھارتی وزارت خارجہ کی جانب سے ٹوئٹر پر کسانوں کے احتجاج سے متعلق وضاحتی بیان جاری کیا گیا جس میں کا ہیش ٹیگ استعمال کیا گیا جب کہ کچھ ہی دیر بعد متعدد بھارتی اداکاروں نے جن میں اکشے کمار، اجے دیوگن، کرن جوہر، ایکتا کپور اور سنل شیٹی شامل ہیں، اپنے ٹوئٹر ہینڈلر سے بھارتی وزارت خارجہ کے بیان کو ری ٹوئٹ کیا اور کہا کہ یہ ہمارے درمیان فاصلے پیدا کرنے کی سازش ہے۔

بھارتی اداکاروں کی جانب سے ایک ساتھ ٹوئٹ سامنے آنے کے بعد خود بھارتی عوام نے سوشل میڈیا پر اپنی ہی حکومت اور اداکاروں کا بھرکس نکالتے ہوئے شدید تنقید کا نشانا بنایا، بھارتی عوام نے کہا کہ حکومت سے پیسے لیکر یہ اداکار مہم چلانے کے لیے میدان میں آگئے اور انہیں اپنے اس رویہ پر شرم آنی چاہیے۔

ایکتا کپور کو بھارتی عوام نے تنقید کا نشانا بناتے ہوئے کہا کہ بالی ووڈ کو پیسے مل گئے، ایک اور صارف نے کہا کہ جب کسانوں پر لاٹھی چارج ہورہا تھا تب بھارتی اداکار کہاں تھے۔