کراچی ٹیسٹ میں پاکستان نے جنوبی افریقا کو 7 وکٹ سے شکست دیدی

343

 کراچی: کراچی ٹیسٹ میں جنوبی افریقا نے پاکستان کو جیت کے لیے 88 رنز کا آسان ہدف دیا جو پاکستان نے 3 وکٹ کے نقصان پر پورا کرلیا۔ 

نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے ٹیسٹ میچ میں جنوبی افریقا نے پہلی اننگز میں 220 رنز بنائے جس کے جواب میں پاکستانی ٹیم فواد عالم کی سنچری کی بدولت 378 رنز بنانے میں کامیاب رہی اور یوں میزبان ٹیم کو 158 رنز کی برتری حاصل کی جس کے جواب میں مہمان ٹیم 245 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔

دوسری اننگز میں مہمان ٹیم کی جانب سے ڈین ایلگر 29 رنز پر آؤٹ ہوئے۔ وین ڈیر ڈاسن اور اور ایڈن مارکرم نے 127 رنز کی اہم شراکت قائم کی اس دوران دونوں بلے بازوں نے اپنی نصف سنچریاں مکمل کی تاہم یاسر شاہ نے اس شراکت کا خاتمہ کرتے ہوئے ڈاسن کو 64 رنز پر پویلین واپس بھیج دیا۔

چوتھے روز مہمان ٹیم نے 4 وکٹ کے نقصان پر 187 رنز سے اپنی نامکمل اننگز کا آغاز کیا۔ کیشو مہاراج کو 2 رنز پر حسن علی نے بولڈ کیا اور کپتان ڈی کوک کی اننگز کا خاتمہ یاسر شاہ نے کیا وہ بھی 2 رنز ہی بناسکے۔ اینرج نورجےکھاتہ کھولے بغیر ہی آؤٹ ہوئے۔ جارج لنڈے 11 رنز کے مہمان ثابت ہوئے جب کہ ٹمبا باوما کی مزاحمت 40 رنز پر دم توڑ گئی۔

اس سے قبل پاکستان نے کھیل کے پہلے روز ہی 33 رنز پر 4 وکٹیں گنوادیں تھیں تاہم مڈل آرڈر بلے باز فواد عالم کی شاندار سنچری کی بدولت جنوبی افریقا پر پہلی اننگز میں برتری حاصل ہونے میں کامیاب ہوگیا تھا۔ سابق کپتان اظہر علی اور فہیم اشرف نے بھی ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے نصف سنچریاں اسکور کیں۔

کراچی ٹیسٹ کے پہلے روز 14 وکٹیں گری تھیں، جنوبی افریقا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 220 رنز بنائے تھے، پاکستان کی جانب سے یاسر شاہ نے 3 جب کہ ڈیبیو کرنے والے نعمان علی اور شاہین شاہ آفریدی نے 2،2 وکٹیں حاصل کی تھیں۔