کراچی: جنوبی افریقی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مارک باؤچر نے کہا ہے کہ منگل سے شروع ہونے والے کراچی ٹیسٹ کے لیے اپنی تیاری کرلی ہے، پہلا ٹیسٹ جیت کر سیریز میں سبقت حاصل کرنے کی کوشش کریں گے۔
ورچوئل پریس کانفرنس میں بات کرتے ہوئے جنوبی افریقا کے ہیڈکوچ مارک باؤچر نے کہا کہ دو میچز پر مشتمل ٹیسٹ سیریز کے ابتدائی مقابلے میں نقصان کے ساتھ آگے نہیں جانا چاہیں گے،پاکستان کرکٹ اچھی ہے، میزبان سائیڈ نوجوان اور تجربہ کار کھلاڑیوں کا امتزاج ہے، پاکستان کے خلاف اچھی تیاری کی ہے، سیریز کو ہر گز آسان نہیں لیں گے، سیریز میں اچھے مقابلے دیکھنے کو ملیں گے، میچ میں ٹاس جیتنے کی بھی اہمیت ہوگی۔
مارک باؤچر کا کہنا تھا کہ سیکور ببل کے اب عادی ہوگئے ہیں لیکن یہ سلسلہ جتنا جلدی ختم ہو اچھا ہے، ہم جب کھیلنے آتے تھے اس وقت کنڈیشن مختلف ہوا کرتی تھیں، اب پاکستان کی کنڈیشنز کچھ مختلف ہیں، سیریز میں ریورس سوئنگ ایک اہم ہتھیار ہوسکتی ہے، ہم نے کراچی ٹیسٹ کے لیے کمبی نیشن بنالیا ہے، ابھی کمبی نیشن کے بارے میں نہیں بتاسکتے، کل میچ میں کچھ سرپرائز بھی ہوسکتے ہیں۔