بابراعظم اور غیرمتوقع حالات پر قابو پانا ہوگا، فاف ڈیوپلیسی

جنوبی افریقہ کے تجربہ کار بلے باز اور سابق کپتان فاف ڈیوپلیسی نے سیریز کے پہلے ٹیسٹ سے قبل اپنی ٹیم کو خبردار کیا ہے کہ پاکستانی ٹیم کے کپتان بابر اعظم اور ناموافق حالات پر قابو پانا ہوگا۔
فاف ڈیوپلیسی نے کہا کہ ‘میں سمجھتا ہوں کہ جنوبی افریقہ اور پاکستان کے پاس چند تجربہ کار اور کئی نئے کھلاڑی ہیں اور اس لحاظ سےدونوں ٹیمیں تقریباً ایک جگہ پر کھڑی ہیں’۔
انہوں نے کہا کہ ‘ہم ایک بہت ہی مشکل سیریز سمجھ رہے ہیں کیونکہ وہ ہوم گراؤنڈ میں ایک بہت خطرناک ٹیم ہے’۔
پاکستانی ٹیم کے کپتان بابراعظم دورہ نیوزی لینڈ میں انجری کے بعد پہلے ٹیسٹ میں جنوبی افریقہ کے خلاف واپسی کریں گے۔
جنوبی افریقہ کے سابق کپتان نے کہا کہ ‘بابراعظم کی موجودگی بہت اہم ہے، وہ دنیا کے تین صف اول کے بلے بازوں میں سے ایک ہیں اور ہر طرز کرکٹ کے گزشتہ دونوں سیزن میں وہ غیرمعمولی رہے ہیں’۔
تجربہ کار بلےباز نے ٹیم کے لیے ناموافق پچ سے واسطہ پڑنے کا اعتراف کیا کیونکہ پاکستان میں خطے کے دیگر ممالک کے مقابلے میں فاسٹ باؤلر کے لیے سازگار وکٹ ہوتی ہے تاہم اس مرتبہ حالات الٹ ہونے کا بھی اشارہ دیا جارہا ہے۔