’پاکستان کا روزویلٹ ہوٹل بچانے کیلئے ساڑھے 3 کروڑ ڈالر سے زائد کے دوسرے بیل آؤٹ پیکج پر غور‘

356

واشنگٹن: ہوٹل انڈسٹری سے تعلق رکھنے والے ایک میگزین نے لکھا ہے کہ پاکستان، مین ہیٹن نیویارک میں واقع پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز انویسٹمنٹ لمیٹڈ (پی آئی اے آئی ایل) کی زیرملکیت روزویلٹ ہوٹل کے لیے 3 کروڑ 55 لاکھ 80 ہزار ڈالر کا دوسرا بیل آؤٹ پیکج دینے پر غور کر رہا ہے۔

ہوٹل انڈسٹری سے تعلق رکھنے والے میگزین ہوٹل منیجمنٹ کی جانب سے یہ بھی رپورٹ کیا گیا کہ پاکستان کی اقتصادی رابطہ کمیٹی نے مذکورہ پراپرٹری کے لیے اس بیل آؤٹ پیکج کو فراہم کرنے کے لیے ایک پینل کی تشکیل پر بھی تبادلہ خیال کیا تھا۔

1992 میں نیویارک سے شروع ہونے والے اس میگزین کی رپورٹ کے مطابق ستمبر 2020 میں مذکورہ پینل نے ہوٹل کی فوری مالی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے 14 کروڑ 20 لاکھ ڈالر کی منظوری دی تھی، اس رقم کا انتظام نیشنل بینک آف پاکستان سے 59 لاکھ ڈالر سالانہ مارک اپ (شرح سود) کے ساتھ بطور قرض کیا گیا تھا۔