ڈرامہ نگاری اور ہدایتکاری کے بعد اب خلیل الرحمان ٹاک شو کی میزبانی کریں گے

299

کراچی: ’’میرے پاس تم ہو‘‘جیسے شاہکار ڈرامے کے خالق اور ہدایت کار خلیل الرحمان قمر اب سیاسی شو کی میزبانی کرنے جارہے ہیں۔

خلیل الرحمان قمر کا شمار پاکستان کے معروف مصنفوں میں ہوتا ہے جن کے کریڈٹ پر کئی کامیاب ڈرا مے جیسے ’’پیارے افضل‘‘، ’’صدقے تمہارے‘‘، ’’ذرا یاد کر‘‘، ’’میرے پاس تم ہو‘‘، اس کے علاوہ ’’پنجاب نہیں جاؤں گی‘‘ اور ’’کاف کنگنا‘‘ جیسی فلمیں شامل ہیں۔

تاہم بہترین مصنف ہونے کے ساتھ ساتھ خلیل الرحمان قمر مختلف ٹاک شوز کے دوران لڑائیوں اور خواتین سے متعلق متنازع بیانات دینے کی وجہ سے بھی مشہور ہیں۔ گزشتہ برس ان کی ایک ٹاک شو کے دوران سماجی کارکن ماروی سرمد کے ساتھ ہونے والی لڑائی نے پورے پاکستانی میڈیا پر ہنگامہ مچادیا تھا۔ جب کہ ایک شو کے دوران انہوں نے خواتین سے متعلق بیان دیا تھا کہ اگرعورتیں مردوں کی برابری کی بات کرتی ہیں تو مرد کا گینگ ریپ بھی کرلیں۔ اس بیان نے خلیل الرحمان کے چاہنے والوں کو دو دھڑوں میں تقسیم کردیا تھا۔