نامزد امریکی وزیر دفاع کا پاکستان کیساتھ ملٹری تعلقات بڑھانے کا اعلان

383

نامزد وزیر دفاع جنرل لائڈ آسٹن نے پاکستان کے ساتھ ملٹری تعلقات بڑھانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کے ساتھ کئی اہم امور پر باہمی تعاون کو فروغ دیں گے۔

تفصیل کے مطابق جوبائیڈن کی جانب سے نامزد وزیر دفاع جنرل لائڈ آسٹن نے یہ بات امریکی سینیٹ کمیٹی میں سماعت کے دوران کہی ۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے ساتھ کئی اہم امور پر باہمی تعاون کو فروغ دیں گے۔

لائڈ آسٹن کا کہنا تھا کہ پاکستان، افغانستان میں ہر قسم کے امن عمل میں اہم اتحادی ملک کی حیثیت رکھتا ہے۔ امریکا کی درخواست پر اسلام آباد نے افغانستان میں قیام امن کے لئے مثبت اقدامات اٹھائے تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم پاکستان کو ایک ضروری ساتھی کے طور پر دیکھتے ہیں۔ جوبائیڈن انتظامیہ افغانستان کے امن عمل کو خراب کرنے کی کوشش کرنے والے عناصر کی روک تھام کیلئے بھی کام کرے گی۔ انہوں نے تسلیم کیا کہ پاکستان، افغانستان میں کسی بھی امن عمل کے لیے ایک انتہائی ضروری ساتھی ہے۔

سینیٹ کی جانب سے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے لائیڈ آسٹن کا کہنا تھا کہ میں پاکستان اور امریکا کے مشترکہ مفادات پر توجہ دوں گا، اس میں فوجی تعلیم وتربیت فنڈز کا استعمال کرتے ہوئے پاکستان کے مستقبل کے فوجی رہنماؤں کی تربیت بھی شامل ہے۔