امریکی دارالحکومت واشنگٹن میں نو منتخب صدر جو بائیڈن کی تقریب حلف برداری سے قبل نیشنل گارڈ کے ایک درجن اراکین کو ڈیوٹی سے ہٹا دیا گیا ہے۔
امریکی خبررساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس (اے پی) کی رپورٹ کے مطابق ان اہلکاروں کو فیڈرل بیورو آف انویسٹی گیشن (ایف بی آئی) کی جانچ پڑتال کے بعد سیکیورٹی آپریشن سے ہٹایا گیا جن میں سے 2 نے پوسٹس یا تحریر میں شدت پسند بیانات دیے تھے تاہم پینٹاگون حکام نے ان بیانات کی تفصیلات نہیں بتائیں۔
خیال رہے کہ جو بائیڈن آج امریکا کے 46 ویں صدر کے عہدے کا حلف اٹھائیں گے اور اس موقع پر دارالحکومت واشنگٹن میں کشیدگی کے خطرات کے پیش نظر سیکیورٹی انتہائی سخت کردی گئی ہے اور ہر ممکنہ خطرے پر نظر رکھی جارہی ہے۔