انڈونیشیا میں خوفناک زلزلے سے ہلاکتوں کی تعداد 56 ہوگئی، لاشیں ملنے کا سلسلہ جاری

352

جکارتہ: انڈونیشیا کے جزیرے سولاویسی میں جمعے کے روز آنے والے 6.2 شدت کے زلزلے سے منہدم ہونے والی عمارتوں میں سے لاشیں ملنے کا سلسلہ جاری ہے جس کے باعث ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 56 ہوگئی ہے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق انڈونیشیا کے جزیرے  سولاویسی میں امدادی کاموں کے دوران عمارتوں کے ملبے سے مزید 8 لاشیں ملنے کے بعد جمعے کے روز آنے والے 6.2 شدت کے زلزلے میں ہلاک ہونے والوں کی مجموعی تعداد 56 ہوگئی ہے۔

خوفناک زلزلے میں 820 افراد شدید زخمی ہوئے تھے جب کہ معمولی زخمیوں کی تعداد 2 ہزار کے قریب تھی جب کہ 15 ہزار افراد بے گھر ہوگئے اور تباہ ہونے والی عمارتوں میں ایک اسپتال اور ایک شاپنگ مال بھی شامل ہے۔

خیال رہے کہ جمعے کے روز کے آنے والے زلزلے کا مرکز مازن شہر سے شمال مشرق میں 6 کلومیٹر کی دوری پر تھا جب کہ اس کی گہرائی 10 کلومیٹر تھی۔ زلزلے سے ایک لاکھ 10 ہزار کے آبادی والے شہر میں ہر طرف تباہی پھیل گئی تھی۔