کابل: افغانستان میں قیام امن کیلیے پاکستان کی طرف سے کی جانے کی کوششوں کو سبوتاژکرنے کیلیے بدھ کے روز بھارتی وزیراعظم نریندرمودی کے مشیر قومی سلامتی اجیت ڈوول غیر اعلانیہ دورہ پر کابل پہنچ گئے جب کہ انھوں نے یہ دورہ ایسے موقع پر کیا ہے جب قطر کے دارالحکومت دوحہ میں انتہائی انٹرافغان مذاکرات جاری ہیں۔
افغان صدر کے دفتر سے جاری بیان کے مطابق ملاقات کے دوران افغانستان میں قیام امن کیلئے جاری کوششوں اوردہشتگردی سے نمٹنے کیلیے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔دوسری طرف بھارت کی طرف سے اس دورے کے بارے میں کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا۔
بھارتی مشیرقومی سلامتی کے دورہ کابل پر گہری نظر رکھے ہوئے پاکستانی حکام کا کہنا ہے کہ اجیت ڈوول کا یہ دورہ افغانستان میں قیام امن کیلئے کی جانے والی امن کوششوں کو سبوتاژ کرنے کی بھارتی کوششوں کا حصہ ہے کیونکہ بھارت افغانستان میں امن نہیں چاہتا۔
اس کے برعکس افغانستان میں امن کا سب سے زیادہ فائدہ پاکستان ،ایران اورروس کو ہے لہذا تینوں ملک وہاں امن کو موقع دینے کیلئے علاقائی سطح پر ایک دوسرے سے متفق ہیں۔