سیول: جنوبی کوریا کی ایک ٹیکنالوجی کمپنی نے کتے کے بھونکنے کی آواز کا مفہوم بتانے والا پٹہ تیار کرلیا ہے۔
پیٹ پلس نامی کمپنی نے کتوں کے لیے ایک ایسا پٹہ بنایا ہے جس میں مصنوعی ذہانت پر تیار کردہ آلہ نصب کیا گیا ہے۔ پٹے پر لگا یہ آلا کتے کے بھونکے کی آواز کا مفہوم انسانوں تک پہنچانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
پٹے میں لگی ڈیوائس یا آلہ اپنے ڈیٹا بیس میں رکھے کتے کی 50 نسلوں کے 10 ہزار بھوکنے کی آواز کے نمونوں سے موازنہ کرکے یہ ترجمانی کرتی ہے کہ اس وقت بھوکنے والے کتے کے احساسات کیا ہیں یعنی وہ خوش ہے، پریشان یا اداس ہے یا پھر وہ اس وقت کھیلنا چاہتا ہے۔
اپنے پالتو کتوں کے لیے یہ پٹہ خریدنے والے اس میں لگی ڈیوائس کو اپنے اسمارٹ فون سے منسلک کرسکتے ہیں اور اس کے استعمال کی لیے بنائی گئی ایپ کی مدد سے اپنے کتے کی روزمرہ سرگرمیوں، سونے کے معمول، خوراک کی تفصیل وغیرہ بھی جان سکتے ہیں۔ اس کی مدد سے پالتو کتے کی روز مرہ صحت کی نگرانی بھی کی جاسکتی ہے۔