تہران: ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے امریکا اور برطانیہ کی دوا ساز کمپنیوں کی تیار کردہ کورونا ویکسین لینے سے انکار کردیا۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ایرن کے روحانی پیشوا خامنہ ای نے کہا کہ امریکا اور برطانیہ کی دوا ساز کمپنیوں کی تیار کردہ کورونا ویکسین قابل اعتماد نہیں ہیں اس لیے ایران فائزر اور آکسفورڈ یونیورسٹی کی ویکسین نہیں لے گا۔
ایران کے روحانی پیشوا نے سرکاری ٹیلی وژن پر نشر ہونے والے اپنے ویڈیو پیغام میں مزید کہا کہ 2 مغربی طاقتوں سے ٹیکے لگانے پر کوئی اعتماد نہیں ہے۔ اگر یہ ویکسین کارگر ہوتیں تو وہ ہمیں دینے کے بجائے ساری خود استعمال کرتے۔
ایران کے روحانی پیشوا خامنہ ای نے یاد دلایا کہ 1990 میں فرانس سے آنے والے خون کی بوتلوں کو لگوانے والے ایرانی شہریوں میں بعد میں ایڈز کی تشخیص ہوئی تھی اور اس تباہی کا آج تک مداوا نہیں کیا گیا۔