سال 2020 میں زمین کی گردش تیز ہوگئی… لیکن گھبرانا نہیں!

280

پیرس: سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ گزشتہ سال (2020 میں) زمین کی اپنے محور پر گھومنے کی رفتار ’’کچھ زیادہ‘‘ ہوگئی تھی لیکن گھبرانے کی کوئی بات نہیں کیونکہ یہ اضافہ بہت معمولی یعنی ایک سیکنڈ کے ہزارویں حصے (ملی سیکنڈ) کے پیمانے پر تھا۔

ویب سائٹ ’’ٹائم اینڈ ڈیٹ‘‘ کے مطابق، پچھلے سال ایسے 28 دن ریکارڈ کیے گئے جب زمین نے اپنے محور پر ایک پورا چکر کم و بیش ایک ملی سیکنڈ جلدی مکمل کیا۔

پچھلے سال کا سب سے چھوٹا دن 19 جولائی 2020 تھا، جس کا دورانیہ ایک دن کی اوسط لمبائی سے 1.46 ملی سیکنڈ کم تھا جبکہ 2020 کا سب سے طویل دن 8 اپریل تھا جو اوسط سے 1.62 سیکنڈ طویل رہا۔

واضح رہے کہ زمین اوسطاً ہر 86,400 سیکنڈ (24 گھنٹے) میں اپنے محور پر ایک چکر پورا کرتی ہے جسے ہم عام زبان میں ’’ایک دن‘‘ کہتے ہیں۔

البتہ کرہ ہوائی کے دباؤ، ہواؤں، سمندری پانی کے بہاؤ اور زمینی قلب (core) کی حرکت میں ہونے والی تبدیلیوں کی وجہ سے اس دورانیے میں بہت معمولی کمی بیشی ہوتی رہتی ہے جو ’’ملی سیکنڈ‘‘ پیمانے پر ہوتی ہے۔