سپورٹس سٹی کے آئیڈیا کو وزیراعظم کے سامنے پیش کریں گے، ڈاکٹر فہمیدہ مرزا

341

وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے کہا ہے کہ سپورٹس کلچر کو نئے سرے سے سامنے آنا چاہیے، سارے صوبوں سے کھلاڑیوں کا ایک جگہ آنے سے کھلاڑیوں کے معیار میں بہتری آئے گی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز قومی ٹین پن باؤلنگ چیمپین شپ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر پاکستان سپورٹس بورڈ کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر ارشد محمود اور پاکستان ٹین پن باؤلنگ فیڈریشن کے صدر اعجاز الرحمن بھی موجود تھے۔

انہوں نے کہا کہ ایک عرصہ بعد ملک میں کھیلوں کہ میدان آباد ہو رہے ہیں، وہ وقت دور نہیں کہ ٹین پن باؤلنگ میں بین الاقوامی سطح پر بھی پاکستان کا نام روشن ہوگا۔ ہمارے پاس نوجوان نسل تو ہے لیکن صحت مندانہ سرگرمیوں سے دور ہے۔

ڈاکٹر فہمیدہ مرزا کا کہنا تھا کہ آنے والی سیف گیمز کی پاکستان میزبانی کرے گا، اس کو کامیاب بنا کر ملک کا نام روشن کریں گے۔ گراس روٹ لیول پر نوجوان نسل کے ٹیلنٹ کو ابھار کر سامنے لانے کی ضرورت ہے۔ میڈیا مالکان کو بھی ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے سپورٹس کو پرائم ٹائم کا حصہ دینا چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ سپورٹس سٹی بننا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ سپورٹس سٹی کا آئیڈیا کو وزیراعظم کے سامنے پیش کرینگے۔ میرٹ کلچر کو پروموٹ کرکے ایک مضبوط پاکستان کی بنیاد رکھنی چاہیے۔پاکستان ٹین پن فیڈریشن کے صدر اعجاز الرحمن نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سپورٹس کمپلیکس عرصہ سے خالی پڑا ہوا ہے اسکو سپورٹس سٹی میں تبدیل کیا جائے، انکا کہنا تھا کہ اگر حکومتی سرپرستی ہو تو سو سے زائد کھلاڑیوں کو ملک میں لاکر ایونٹس کرا سکتے ہیں۔